ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی (IMC) نے اپنے کرولا XLi ویرینٹ میں ایک مرتبہ پھر نئی اسکیم متعارف کروا دی ہے، اور اس مرتبہ کمپنی نے مفت رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ نئے دلچسپ پریمیم رنگ بھی پیش کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق IMC مقامی آٹو سیکٹر میں گاڑیوں کی کم ہوتی ہوئی فروخت کی وجہ سے اپنے صارفین کے لیے نت نئی اسکیمیں لا رہا ہے۔ ادارے نے ٹویوٹا کرولا کے XLi ویرینٹ مینوئل ورژن میں تین نئے پریمیم رنگ متعارف کروائے ہیں۔ مقامی صنعت میں مقبول ترین سیڈان اب مندرجہ ذیل رنگوں میں بھی دستیاب ہے:
سپر وائٹ
گریفائٹ گرے
سلوَر میٹالک
واضح رہے کہ یہ پیشکش محدود مدّت کے لیے ہے اور پہلے 200صارفین مفت رجسٹریشن کے ساتھ گاڑیوں میں یہ نئے خوبصورت نئے رنگ بھی پا سکتے ہیں۔ صارفین اپنی ٹویوٹا کرولا Xli MT انڈس موٹر کمپنی کے کسی بھی مجاز 3S ڈیلر سے حاصل کر سکتے ہیں۔ قریبی ڈیلرشپ پر اِس گاڑی کی دستیابی آن لائن کمپنی کی ویب سائٹ کے ذریعے بھی معلوم کی جا سکتی ہے۔ آٹومیکر نے ایسی پروموشنل اسکیمیں ماضی میں بھی متعارف کروائی ہیں۔ ویسے اس کی اہم وجہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہونے اور حکومت کی جانب سے متعدد ایڈیشنل ٹیکس اور ڈیوٹیز لگانے کی وجہ سے گاڑیوں کی فروخت میں آنے والا زوال ہے۔ کمپنی ایسی ہی محدود مدّت کی پیشکشوں کے ذریعے اپنی فروخت کو بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ ٹویوٹا IMC جلد ہی اپنی مقبول کرولا ماڈ ل کے 1.3L ویرینٹس کی جگہ نئی یارِس سیڈان کو دے گی۔ ایسی اسکیموں سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ کرولا XLi کا جلد ہی خاتمہ ہو جائے گا۔ اسی لیے کمپنی مقامی مارکیٹ میں یارِس کو متعارف کروانے سے پہلے جلد از جلد کرولا XLi کے بقیہ یونٹس فروخت کرنا چاہ رہی ہے۔
IMC کی اس نئی اسکیم پر آپ کی رائے کیا ہے؟ نیچے تبصروں میں ضرور پیش کیجیے۔ پاکستان کی آٹوموبائل انڈسٹری کے حوالے سے مزید خبروں کے لیے پاک ویلز کے ساتھ رہیے۔